کراچی: سکیورٹی گارڈ نے بچے کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا

کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قریب سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ زون کے قریب فائرنگ سے 8 سالہ شاہد الیاس زخمی ہوگیا، واقعہ جمعرات کی شام 6 بجے پیش آیا تاہم پولیس سے چھپایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فلور ملز کمپنی کے سکیورٹی گارڈ نے بچے کو دیوار سے اترتے ہوئے دیکھ کر فائرکردیا، اطلاع ملنے پر رات ایک بجے پولیس نے 8 سالہ شاہد کو تلاش کیا اور بچے کو طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے بچے کو چھرے لگے ہیں جب کہ سیکورٹی گارڈ کی تلاش کی جارہی ہے، واقعے کی ابتدائی رپورٹ سکھن تھانے میں درج کر لی گئی ہے۔