پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات کی درستگی کیلیے قائم کمیٹی کی مدت میں ایک بار پھر توسیع

(آئی این این نیوز)

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات درست کرنے کیلئے قائم نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے۔

فیفا نے گزشتہ برس پاکستان میں نارملائزیشن کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ستمبر میں حمزہ خان کی سربراہی میں پاکستان نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔

اس کمیٹی کو پہلے جون 2020 تک پاکستان فٹبال فیڈریشن میں انتخابی عمل مکمل کر کے نئی ایگزیکٹو کمیٹی کے قیام کا ٹاسک دیا گیا تھا تاہم کووڈ 19 وبا کی وجہ سے یہ ٹاسک بروقت مکمل نہ ہو سکا تھا۔

اس لیے پہلے 31 دسمبر 2020 تک اس کمیٹی کی معیاد بڑھا دی گئی تھی تاہم معاملات مسلسل مؤخر ہونے کی وجہ سے فیفا کونسل نے ایک بار پھر پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی معیاد بڑھا دی ہے، اب اسے ٹاسک مکمل کرنے کے لیے 30 جون 2021 تک کا وقت مل گیا ہے۔