کراچی: لیاقت آباد میں آتشزدگی سے لاکھوں کا فرنیچر جل گیا

(آئی این این نیوز)

کراچی: لیاقت آباد میں 4 منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی جس سے عمارت میں واقع کارخانے میں لاکھوں روپے کا فرنیچر جل گیا۔

پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 4 میں 4 منزلہ عمارت کے 3اور 4 فلور پر آگ لگ گئی، عمارت میں لوگ رہائش پزیر نہیں تھے بلکہ فرنیچر کا کارخانہ بنا ہوا تھا۔

فائربریگیڈ نے اطلاع ملتے ہی 2 فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے لیے روانہ کیے لیکن فائر ٹینڈر کاپانی ختم ہوگیا اور واٹر ٹینکر بھی نہیں پہنچے جس سے فائر بریگیڈ کو پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا البتہ پانی پہنچنے کے بعد دوبارہ آگ بجھانے کا عمل شروع کیا گیا اور کچھ دیر بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ آس پاس کے گھر بھی آگ سے محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق فرنیچر کے کارخانے میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا۔