فرح خان کا انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

(آئی این این نیوز)

ہیکرز نے بالی وڈ کی معروف فلم ساز، ہدایت کار اور کوریوگرافر فرح خان کا انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا۔

اکاؤنٹ ہیک ہونے کے کچھ دیر بعد فرح خان نے اپنے شوہر کی مدد سے انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال کروالیا تاہم ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اب تک ہیک ہے۔

فرح خان نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں مداحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ گذشتہ شام سے ہیک ہے اور اگر کسی کو اس کاؤنٹ سے کوئی میسج ملے تو اس پر نہ تو کلک کریں اور نہ ہی اس کا جواب دیں ورنہ آپ کا اکاؤنٹ بھی ہیک ہوسکتا ہے۔

پوسٹ کے کیپشن میں فرح خان نے تصدیق کی کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک ہوا تھا اور ممکن ہے کہ اس سے بہت سے لوگوں کو میسج بھی گئے ہوں اس لیے ہوشیار رہیں۔

ان کا کہنا ہےکہ انہوں نے اپنے شوہر جو کہ ایک کمپیوٹر انجینیئر ہیں کی مدد سے انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال کروایا ہے اور امید ہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی جلد واپس مل جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی ادکار وکرنت میسی کا بھی فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔

 ادکار وکرنت میسی کا بھی فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے،فوٹو: فائل

وکرنت نے انسٹاگرام اسٹوری پر میسج کیا ہے کہ میرا فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے اس لیے ان پر آنے والے میسج اور کمنٹس کو نظرانداز کریں، دونوں اکاؤنٹ جلد بحال کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں ۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سیاست دان اُرمیلا ماٹونڈکر کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے سائبر کرائم سیل میں اس کی رپورٹ کروائی تھی جس کے بعد ہیک شدہ اکاؤنٹ  بحال ہوگیا۔