کورونا کے باوجود سی پیک پر تیزی سے پیش رفت قابل تعریف ہے، مشاہد حسین سید

(آئی این این نیوز)

چھٹے سالانہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) میڈیا فورم کا انعقاد ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،وفاقی وزیر اعظم سواتی اور چینی سفیر سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

کورونا کے باعث رواں سال میڈیا فورم کا ورچوئل انعقاد کیا گیا تھا جس میں شرکاء آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوئے۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے بھرپور تعاون سے سی پیک نے اہم سنگ میل عبور کیا ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت کی ترقی اور انڈسٹری کو فروغ دیا جارہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا کا اہم کردار ہے۔

اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ منصوبے کے آغاز سے ہی پاکستان کو سی پیک کے فائد مند نتائج حاصل ہوئے ہیں، سی پیک میڈیا فورم کے تحت مختلف شعبوں سے لوگوں کو قریب آنے کا موقع ملا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین کا پاک چین اقتصادی راہداری میڈیا فورم سے خطاب میں کہنا تھ کہ اس فورم کا مقصد پاک چین دوستی اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ سی پیک 21 ویں صدی کے بڑے ترقیاتی اور سفارتی منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا حصہ ہے،فورم کا دوسرا بڑا مقصد سی پیک کے خلاف پراپیگنڈا کو کوکاؤنٹر کرکے حقائق سامنے لانا ہے اور فورم کا تیسرا بڑا مقصد سی پیک منصوبوں کو میڈیا اور عوام کے سامنے لانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود سی پیک منصوبوں پر تیزی سے جاری پیش رفت قابل تعریف ہے، وبا کے دوران ایک پاکستانی مزدور بھی سی پیک کے کام سے نہیں ہٹایا گیا۔