عید سے قبل تمام بزرگوں کو پنشن گھر پر دینے کا فیصلہ

 پاکستان پوسٹ کی مدد سے عید الفطر کی چھٹیوں کی آمد سے قبل تمام بزرگ پنشنرز کو دو ماہ کی پنشن ان کے گھر پر پہنچائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث پاکستان پوسٹ نے پچھلے مہینے ملک بھر میں لاکھوں پنشنرز کی گھروں کی دہلیز پر واجبات پہنچانے کا اعلان کر کے کامیابی سے مکمل کیا جو اس مہینے بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی پاکستان پوسٹ کے اس اقدام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ عالمی پوسٹل یونئین کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نمایاں تشہیر بھی کی گئی ۔

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ نہایت کٹھن حالات میں بزرگ شہریوں کی امانتوں کی محفوظ ترسیل بڑا ٹاسک تھا، ملک بھر میں پنشن کی تقسیم کاعمل کامیابی سے جاری ہے۔