کراچی: پائپ لائن پھٹنے سے گلبہار انڈر پاس پانی سے بھر گیا

(آئی این این نیوز)

کراچی کے علاقے گلبہار کے قریب پانی کی لائن پھٹ گئی جس کے باعث گلبہار انڈر پاس میں پانی بھر گیا۔

گولیمار انڈر پاس کے اوپر سے جانے والی صاف پانی کی لائن پھٹ گئی ہے جس سے بہنے والا پانی انڈر پاس میں گرنے سے انڈر پاس پانی سے بھر گیا۔

پائپ لائن پھٹنے کے باعث ہزاروں گیلن صاف پانی ضائع ہو گیا جبکہ انڈر پاس کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا کیا گیا ہے اور پولیس کو وہاں تعینات کر دیا گیا ہے۔

انڈر پاس بند ہونے سے لیاقت آباد سے پاک کالونی آنے اور جانے والے ٹریفک کو متبادل راستے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود پھٹ جانے والی لائن کی مرمت کا کام شروع نہیں ہو سکا۔

واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پھٹنے والی لائن 24 انچ کی ہے جس سے ناظم آباد اور گلبہار کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پھٹنے والی لائن کی مرمت جلد شروع کر دی جائے گی، متاثرہ لائن سے پانی کی فراہمی اطلاع ملتے ہی بند کر دی گئی تھی، لائن میں موجود پانی بہہ رہا ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ متعلقہ عملہ اور مطلوبہ بھاری مشینری مرمت کے کام کے لیے جلد پہنچ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ناظم آباد اور گلبہار کو متبادل لائنوں سے پانی فراہم کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔