شاہ رخ نے مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد کے ساتھ خوشخبری سنادی

(آئی این این نیوز)

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان نے نئے سال کے موقع پر مداحوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

شاہ رخ خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ خوشخبری بھی دی ہے۔

ویڈیو میں کنگ خان نائٹ سوٹ میں ملبوس ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر وہ لمحہ آگیا ہے کہ پرانا سال گزر چکااور نیا سال آگیا ہے۔

انہوں نے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کی دیر سے مبارکباد دینے پر معافی چاہتا ہوں۔

کنگ خان نے کہا کہ مداحوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے نئے سال کی مبارکباد کے طویل پیغامات نہ بھیجیں بلکہ ’ہیپی نیو ائیر‘ لکھیں۔

اس کے ساتھ ہی شاہ رخ نے مداحوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو خود بنائی ہے اور سال 2021 میں بڑی اسکرین پر ملیں گے۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی آخری فلم ’زیرو‘ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد سے اب تک ان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے۔