حسنین لہری نے ‘بہترین ماڈل’ کا ایوارڈ اپنے مرحوم بھائی کے نام کر دیا

پاکستان فیشن انڈسٹری کے مقبول ماڈل حسنین لہری نے اپنا چوتھا لکس اسٹائل ایوارڈ (ایل ایس اے) اپنے چھوٹے مرحوم بھائی کے نام کر دیا جو 2019 میں دل کا دورا پڑنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

ماڈل حسین نے لہری نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ‘میں یہ ایوارڈ اور چھوٹے بھائی کے نام کرتا ہوں جو 2019 میں جان کی بازی ہار گیا تھا’۔

حسنین لہری نے کہا کہ ‘یہ وقت میرے اہلخانہ کے لیے بے حد مشکل اور میرے لیے سب سے بڑی آزمائش تھا، میرے لیے یہ ایوارڈ صرف فن کو تخلیق کرنے کے لیے نہیں ہے، یہ مجھے یاد دلاتا ہے کہ میں کتنا مضبوط ہوں کہ واپس اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکا’۔

ماڈل نے بتایا کہ جب میرے بھائی کا انتقال ہوا تو اس وقت میرا اپنے آپ سے ہی بھروسا اٹھ گیا تھا اور ایک دن میں فیس بک پر اپنے چھوٹے بھائی کے پرانے اسٹیٹس دیکھ رہا تھا جس سے مجھے وہ طاقت ملی جس کی مجھے ضرورت تھی۔

حسنین لہری نے کہا کہ اس کے اُن الفاظ کی وجہ سے ہی آج میں اپنا چوتھا ایواڈ تھامے ہوئے ہوں۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ میں کہیں یہ بات پڑھی تھی کہ جو لوگ گر کے خود اپنے پیروں پر کھڑے ہوتے ہیں خدا ان کی بہت مدد کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے واپس اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی کوشش کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ ہمیشہ میرے ساتھ ہے، میں اپنے تمام تر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں یہ ایوارڈ آپ سب کی محبت اور عزت کی بدولت ہی ملا ہے۔