سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی منشیات کیس میں حاضری لگانے پہنچ گئیں

(آئی این این نیوز)

مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی  منشیات کیس میں حاضری لگانے کے لیےنارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) کے دفتر پہنچ گئیں۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق ریا چکرورتی کی ممبئی میں این سی بی کے دفتر میں آمد کے موقع پر ان کے بھائی  شووِک چکرورتی بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ جب سیکیورٹی اہلکاروں نے اداکارہ اور ان کے بھائی سے آمدکا مقصد پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ حاضری لگانے آئے ہیں، اس موقع پر ان کے والد بھی ساتھ موجود تھے۔

 خیال رہےکہ گذشتہ سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے گھر والوں نے   ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھاجس کے معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔

سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایاکہ انہوں نے سشانت سے پیسے کے لیے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اسے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا۔

اداکار کی موت کی تحقیقات کےدوران منشیات کے استعمال کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تفتیش میں نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) بھی شامل ہوگیا تھا۔

اس دوران این سی بی نے گذشتہ ستمبر میں  منشیات کیس میں  ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کوگرفتار کرلیا تھا،بعد ازاں تقریباً ایک ماہ کی حراست کے بعد ممبئی ہائی کورٹ نے ریا چکرورتی کی مشروط ضمانت منظور کی تھی جس کے تحت انہیں 6 ماہ تک ہر ماہ کی پہلی پیر کو این سی بی کے سامنے حاضر ہونا ہے جب کہ ان کے بھائی کو بھی 3 ماہ بعد مشروط طور پر رہا کردیا گیا تھا۔