پاکستان: کورونا سے مزید 59 اموات، 1900 سے زائد نئے کیسز رپورٹ

(آئی این این نیوز)

ملک میں کورونا سے مزید 59 افراد انتقال کرگئے جب کہ 1900 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 35073 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1947 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 59 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.7 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10409 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 90476 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 35707 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1903 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 444360 ہوگئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 219452 ہوگئی ہے جب کہ 3623 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 141393 ہے اور 4160 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18254 اور ہلاکتیں 185 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 59729 اور 1683 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8383 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 229 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4870 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 38395 ہے اور اب تک 428 مریض انتقال کرچکے ہیں۔