ڈائریکٹر علی عباس ظفر نے ’سلو موشن‘ کی رقاصہ سے شادی کی

(آئی این این نیوز)

بالی وڈ کے نامور ہدایتکار علی عباس ظفر نے اپنی فلموں کے گانوں میں کام کرنے والی رقاصہ سے شادی کی ہے۔

گزشتہ دنوں ہی علی عباس ظفر رشتہ اذدواج میں منسلک ہوئے ہیں اور انہوں نے ایرانی نژاد فرانسیسی ماڈل الیسیا سے شادی کی ہے۔ شادی کی تقریب بھارتی شہر ڈہرادون میں ہوئی تھی جس میں قریبی چند افراد نے شرکت کی تھی۔

علی عباس ظفر نے اہلیہ کے حوالے سے خود ہی ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ میرے والدیں بزرگ ہیں اور وہ کورونا کا بھی شکار رہ چکے ہیں تو میں جلدی شادی کرنا چاہتا تھا ورنہ ہماری شادی اگلے سال طے تھی۔

اہلیہ کے حوالے سے بتایا کہ الیسیا سے ملاقات سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی اور وہ سلمان کی ہی فلم ’بھارت‘ کے مشہور گانے ’سلو موشن‘ میں اداکارہ ڈشا پٹانی کے ساتھ ڈانسر کی حیثیت سے نظر آئیں تھیں۔

خیال رہے کہ ہدایت کار علی ظفر نے کئی سپر ہٹ فلموں کی ہدایتکاری کے فرائض سرانجام دیے ہیں جن میں ’میرے برادر کی دلہن‘، ’غنڈے‘، ’سلطان‘، ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’بھارت‘ شامل ہیں۔