سشانت کی ’ڈریم فلم‘ کی شوٹنگ شروع ہونے کی خبر پر مداح ناخوش

(آئی این این نیوز)

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی ڈریم پروجیکٹ’چندا ماما دور کے‘ کی شوٹنگ شروع ہونے پر مداح غم سے نڈھال ہوگئے۔

گزشتہ سال جون میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے اور انہوں نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تھی۔

اداکار نے خودکشی سے قبل کئی فلمیں سائن کی تھیں جس میں سے ایک فلم ’چندا ماما دور کے‘ بھی تھی۔ اس فلم میں سشانت کو خلاباز کا کردار ادا کرنا تھا لیکن یہ ڈریم پروجیکٹ ان کی زندگی میں شروع ہی نا ہوسکا۔

اب اس فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کی خبروں نے ان کے مداحوں کو سوگوار کردیا ہے اور مداح ناخوش بھی ہیں جس کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا جارہا ہے۔

اداکار کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس فلم کا اعلان 2017 میں کیا گیا تھا اور اس کیلئے سشانت نے باقاعدہ طور پر ناسا سے تربیت بھی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب فلم کے ہدایتکار سنجے پورن سنگھ نے کہا کہ فلم میں سشانت کی جگہ دوسرے اداکار کو کاسٹ کرنا مشکل ہے تاہم فلم میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔