کراچی کی کچی آبادی میں آتشزدگی، درجنوں جھگیاں جل کر راکھ

(آئی این این نیوز)

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں جھگیاں جل کر خاکستر ہو گئیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 10 جی میں واقع عزیز بھٹی پارک کے عقب میں نذارت کے پلاٹ سے متصل کچی آبادی میں آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں جھگیاں جل گئیں۔

عزیز بھٹی پولیس کے مطابق آگ حادثاتی طور پر کسی ایک جھونپڑی میں ممکنہ طور پر کھانا پکانے کے دوران لگی جو تیز ہوا کی وجہ سے دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق بیشتر مکینوں کو اپنا سامان نکالنے کا بھی موقع نہیں مل سکا اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل ہی بڑی تعداد میں نقصان ہو چکا تھا۔

فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع پر فوری طور پر فائر فائٹرز کو دو گاڑیوں کے ہمراہ روانہ کیا گیا جنہوں نے آگ پر قابو پایا۔

عزیز بھٹی پولیس کے مطابق جس مقام پر یہ جھگیاں بنائی گئی ہیں وہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی ملکیت ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔