صنعتی پہیہ جام ہے، گیزر بندہیں، کیاگیس بندکرکے صنعتی ترقی لائیں گے؟ مرتضیٰ وہاب

(آئی این این نیوز)

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صنعتی پہیہ جام ہے  اور گیزر بندہیں، کیاگیس بند کرکے صنعتی ترقی لائیں گے، کیا یہ ہے ترقی؟

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ گیس سپلائی کی بندش بھی مسئلہ ہے، آئین پاکستان میں جوشق درج ہے اس پربھی عمل نہیں کیاجارہا، آرٹیکل 158کہتاہے کہ صوبوں سے نکلنے والی معدنیات پرپہلا حق صوبے کاہے، یہ معاملہ عدالت میں گیا تو سندھ ہائیکورٹ نے صوبے کے حق میں فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ 68 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، گیس پر پہلاحق سندھ کا ہے لیکن افسوس کہ چولہے ٹھنڈے ہیں، صنعتی پہیہ جام ہے اور گیزر بندہیں، کراچی کے صنعتکار مہنگی گیس خریدنے پربھی راضی ہیں پھربھی گیس نہیں دی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کیا یہ ہے تبدیلی؟ کیاگیس بندکرکے صنعتی ترقی لائیں گے، کیا یہ ہے ترقی؟

وزیربلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نااہلی اور نالائقی میں سب کو ناک آوٹ کردیا، جسے خان صاحب نے کچھ نہیں رکھنا تھا وہ اب داخلی معاملات سنبھال رہاہے، عمران خان کب تک اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر ڈالیں گے۔