شہباز گل پر دعویٰ دائر کرنے والا شخص گرفتار

(آئی این این نیوز)

پولیس نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل پر دعویٰ دائر کرنے والے ملزم طاہر مبین کو گرفتار کرلیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے خلاف کمپنی کے مقامی عہدیدار طاہر مبین نے دعویٰ دائر کیا تھا جس میں شہباز گل عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔

شہباز گل کی درخواست پر تھانہ اسلام پورہ میں طاہر مبین کے خلاف جعلسازی اور فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ طاہر مبین اور ایک ڈائریکٹر نے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اجازت لیے بغیر مقامی عہدیدار کی ایما پر دعویٰ دائر کیا۔

دستاویزات میں ملزم نے کمپنی کی جانب سے جعلی اجازت نامہ عدالت میں جمع کرایا۔

ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کے پاکستان میں تعینات دو میں سے ایک ڈائریکٹر کے دستخط جعلی کیے گئے، اتھارٹی لیٹر پر جس ڈائریکٹر کے دستخط کیے گئے اُس وقت وہ پاکستان میں نہیں تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی عدالت سے ملزم طاہر مبین کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ لیا گیا ہے۔