کراچی میں ڈکیتیوں کی سنچری مکمل کرنے والا 6 رکنی گروہ پکڑا گیا

(آئی این این نیوز)

کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے نارتھ کراچی میں کارروائیوں کے دوران ڈکیتیوں کی سنچری مکمل کرنے والے ایک گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتارکرکے دو لاکھ روپے، اسلحہ، 2 موٹر سائیکل اور لوٹا گیا سامان برآمد کرلیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایس آئی یو عرفان بہادر کے مطابق ملزمان 100 مقدمات میں ملوث اور مطلوب ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری نارتھ کراچی میں ناگن چورنگی سے ہوئی۔ ملزمان میں عبدالستار کامریڈ، صابر عرف رئیس، عرفان، عبدالرسول اور لیاقت ڈنگا شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو ہی نشانہ بناتے تھے۔ عرفان بہادر کے مطابق ملزمان نے 100 سے زائد وارداتوں میں کروڑوں روپے لوٹنے کا انکشاف کیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں شامل ایک ملزم بینک میں موجود رہ کر بڑی رقم نکلوانے والے شہری کی ریکی اور گروہ کے دیگر ساتھیوں کو آگاہی دیتا تھا۔

بینک کے باہر موجود ملزمان نشاندہی کیے گئے شہری کو لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا اس سے قبل کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا اور وہ اس سے قبل کبھی گرفتار بھی نہیں ہوئے۔

گرفتار ملزمان نے 30 سے زائد وارداتوں کے مقامات کی نشاندہی کردی ہے، ان سے مزید تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔