قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو بلانے کا فیصلہ

(آئی این این نیوز)

 اسلام آباد: 

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 11 مئی سہ پہر 3 بجے بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں سید فخر امام کے زیر سربراہی ہونے والی پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بروز پیر تین بجے پارلیمان کا اجلاس بلایا جائے گا۔ اجلاس کورونا وائرس کی صورت حال  تک محدود رکھا جائے گا۔  یہ بھی طے ہوا کہ  کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی اور اجلاس ایک دن کے وقفے سے جاری رکھا جائے گا۔  پریس گیلری کے علاوہ مہمانوں  کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔ پارلیمنٹ لاجَز میں بھی آمدورفت کو محدود رکھا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمان کو قومی اتفاق رائے کے لئے استعمال کیا جانا چاہے۔ ہمیں کرونا وائرس کی صورتحال اور قومی ایکشن پلان پر توجہ دینا چاہیے۔ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صحت یابی کے  لیے بھی دعا کی گئی۔

دوسری جانب  قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا حکومتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ ن سمیت حزب اختلاف نے اجلاس بلانے کے لیے جمع کروائی گئی ریکوزیشن بھی  واپس لی ہے۔ واضح رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کورونا وائرس  سے پیدا ہونے والی صورت حال پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔