کنگ خان 2 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کیلیے تیار

(آئی این این نیوز)

بالی وڈ سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون نے شاہ رخ خان کی بڑے پردے پر واپسی کی تصدیق کردی۔

دو سال قبل شاہ رخ خان بالی وڈ  فلم زیرو  میں اداکارہ انوشکا شرما اور کترینہ کیف کے ہمراہ جلوہ گر ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب کنگ خان سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پٹھان سے واپسی کررہے ہیں جس میں دیپیکا پڈوکون کے علاوہ جان ابراہم بھی شامل ہیں۔

بھارتی میگزین کے ساتھ کی گئی گفتگو میں  رواں برس فلموں کی مصروفیات سے متعلق دیپیکا کا کہناتھا کہ میں نے شکون بترا کی فلم سے شروعات کی ہے جو کہ ایک رشتے کی کہانی ہے جسے بھارتی سینماؤں پر اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اس کے بعد شاہ رخ خان کے ساتھ ایک ایکشن فلم پٹھان ہے  اور پھر پربھاس کے ساتھ ناگ اشون کی ملٹی لسانی فلم لائن اپ میں ہے۔

اگرچہ اب تک دوسال سے فلموں سے کنارہ کشی کرنے والے شاہ رخ کی جانب سے فلم پٹھان میں جلوہ گر ہونے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی تاہم نئے سال پر جاری ویڈیو پیغام میں شاہ رخ خان کی جانب سے مداحوں کو اشارہ ضرور دیا گیا تھا جس میں کنگ خان کا کہنا تھا کہ 2021 میں بڑے پردے کی اسکرین پر ملیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا رپورٹس میں بھی کہا گیا تھا کہ شاہ رخ خان ڈائریکٹر سدھارت آنند کی فلم ’پٹھان‘ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ایجنٹ کے طور پر جلوہ گر ہوں گے۔