عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابو پایا جا سکے گا، عثمان بزدار

(آئی این این نیوز)

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں سے ایک بار پھر اپیل کرتاہوں کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سماجی فاصلے برقرار رکھنے پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے اور کورونا سے بچنے کا واحد حل گھروں میں رہنا ہے ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا اور کورونا سے بچاؤ کے لئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی کیونکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد عوام کو کورونا سے بچانا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران عوام گھر وں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 22 ہزار سے زیادہ ہے اور 8420 متاثرین کے ساتھ پنجاب اب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔

ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 526 ہے جبکہ 6217 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ اموات کے اعتبار سے خیبر پختونخوا بدستور سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔

صوبہ بلوچستان کی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کر دی ہے جس کے بعد اب صوبے میں لاک ڈاؤن 19 مئی تک جاری رہے گا۔