پنجاب کے پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آ گیا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

(آئی این این نیوز)

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے، حکومت یکساں ترقی کے ویژن پر کاربند ہے، چیچہ وطنی اور ہڑپہ جیسے نظرانداز شہروں میں ترقی لے کر آئیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے چیچہ وطنی میں سابق ناظمین، کونسلرز، پی ٹی آئی عہدیداروں، سوشل میڈیا ورکرز، وکلاء، تاجران اور صحافیوں نے ملاقاتیں کیں۔

عثمان بزدار نے تاجروں کی تجویز پر سبزی منڈی توسیعی منصوبے کا جائزہ لینے کا حکم دیا اور ماڈل بازاروں کی پلاننگ کرنے ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں کے مطابق ہو گا، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر صحافی کالونی کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ نےفیصل آباد میں ایک کار پر پنجاب ہائی وے پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی اور ان کا کہنا تھا کہ قانون کے محافظوں کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نےگوجرانوالہ میں ماں اور 4 بچوں کے قتل کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔