میچ فکسنگ پر بات کرنے پر میری بوٹیاں کرنے کی دھمکیاں ملیں: عاقب جاوید

(آئی این این نیوز)
ویب رپورٹر: محمداسد علی

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہےکہ میچ فکسنگ پر بات کرنے پر انہیں جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں ملیں۔

جیونیوز کے مطابق میچ فکسنگ سے متعلق عاقب جاوید نے انکشاف کیا کہ فکسنگ کے خلاف بولنے پر میرا کیرئیر جلد ختم ہوگیا اور مجھے دھمکیاں ملیں کہ تمھاری بوٹیاں بوٹیاں کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فکسنگ کے خلاف بولنے پر آپ ایک حد تک اوپر جاسکتے ہیں اور فکسنگ کے خلاف بولنے کی وجہ سے ہی میں ہیڈ کوچ نہ بن سکا۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ جسٹس قیوم کمیشن میں بھی حقائق چھپائے گئے، سلیم ملک کو ایک اور موقع ملنا چاہیے اور انہیں کرکٹ بورڈ میں بھی نوکری ملنی چاہیے۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ میچ فکسنگ مافیا بہت بڑا ہے جہاں اندر جانے کا راستہ تو ہے نکلنے کا نہیں، کرکٹرز اور مافیا والوں کو سزائیں ہونی چاہییں کیونکہ کرکٹر تو بہت آئے مافیا کی نشاندہی نہیں ہوئی۔