مولانا فضل الرحمان پیسے لیکر والد کی جاسوسی کیا کرتے تھے: فیاض الحسن چوہان

(آئی این این نیوز)

پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عمران خان پر بی جے پی سے فنڈ لینے کا الزام لگانے والی بیگم صفدر کی بیٹی کی شادی پر مودی پاکستان آئے تھے جبکہ مولانا کے بارے میں مشہور ہےکہ وہ پیسے لیکر والد کی جاسوسی کیا کرتے تھے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بچپن میں والد کی مخبری کرتے تھے، وکی لیکس کے مطابق ڈبلیوٹی پیٹرسن کے ساتھ مولانا کی تصویریں موجود ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان کلئیر کٹ کہہ چکے ہیں اسرائیل نامنظور ہے، عمران خان پر بھارت اور اسرائیل کی فنڈنگ کا الزام لگانے والی مریم صفدر بھول گئی ہیں کہ اجیت دول اور نریندر مودی ان کی بیٹی کی شادی پر ان کے گھر آئے تھے، نواز شریف نے ہی وفد اسرائیل بھیجا تھا۔

وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے ایک بار پھر سابق حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ معیشت کو ٹھیک کرنے میں 5 سے 10 سال لگتے ہیں۔