بختاور کی شادی میں مہمانوں کی تعداد سے متعلق بلاول ہاؤس کی وضاحت

(آئی این این نیوز)

لاہور: ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے  بختاور بھٹو زرداری کی شادی میں ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کرنے کی خبر کی تردید کی گئی ہے۔

ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بختاور بھٹو زرداری کی شادی میں 300 سے کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، مہمانوں کی تعداد کے حوالے سے ترجمان سے منسوب افواہوں پر مبنی بیان بغیر تصدیق کے نشر کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ میڈیا سے التماس ہے صرف مصدقہ آفیشل خبروں کو ہی نشر کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 27 نومبر کو بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کی منگنی کراچی میں بلاول ہاؤس کے احاطے میں ہوئی تھی جس میں محدود لوگوں کو دعوت دی گئی تھی۔

اب گزشتہ روز ترجمان بلاول ہاؤس نے سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے تقریبات کا شیڈول جاری کیا تھا۔