اداکارسونو سود کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ

(آئی این این نیوز)

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے بالی وڈ اداکار سونو سود کے خلاف پولیس کو ایک تحریری شکایت بھجوائی ہے جس میں کہا گیا کہ اداکار کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔

ممبئی پولیس کو بھیجی گئے شکایت نامے میں اداکار سونو سود اور ان کی اہلیہ پر رہائشی عمارت پر غیر قانونی تعمیرات کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تحریری شکایت نامے میں بی ایم سی کی جانب سے اداکار  پر  بغیر اجازت رہائشی عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

شکایت کے مطابق بی ایم سی کی جانب سے اداکار کو متعدد نوٹس بھیجے گئے لیکن اس کے باوجود اداکار شکایت کا جواب دینے میں ناکام رہے جس کے باعث بی ایم سی یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہے۔

اداکار سونو سود بھارتی شہر جودھ پور  کے شکتی سگر میں 6 منزلہ عمارت میں رہائش پذیر ہیں۔

پولیس کو بھیجی گئی درخواست کے مطابق اس عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے، علاوہ ازیں اداکار نے عمارت میں غیر قانونی تعمیرات بھی کی ہیں لہذا اداکار سونو سود اور ان کی اہلیہ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔