قومی ٹیم پر کڑی تنقید، ہیڈ کوچ مصباح الحق کا رد عمل سامنے آگیا

(آئی این این نیوز)

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کو درست قرار دیا ہے۔

‏ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہو ئے مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد تنقید جائز ہے، یہ تنقید درست ہو رہی ہے کیونکہ تنقید وہی کرتے ہیں جنہیں ٹیم کی صلاحیتوں پر یقین ہوتا ہے۔

‏ ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم نے فائٹ کرکے اپنے پوٹینشل کا مظاہرہ کیا، ٹیم میچ کو آخری 5 اوورز تک لے کر گئی  حالانکہ صورتحال مشکل تھی، اس کے بعد جب مداح آپ سے فائٹ کرنے کی توقعات وابستہ کر لیتے ہیں تو آپ توقعات پر پورا نہیں اترتے تو تنقید درست ہو تی ہے، ہم نے صلاحیتوں سے کم تر کھیل پیش کیا ہے، اس لیے تنقید بنتی ہے۔

‏مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، ہم نے ایسی صورتحال سے آئندہ کے لیے نکلنا ہے کیونکہ کسی بھی کھیل میں مقصد جیت ہوتا ہے اور جب آپ نہیں جیت پاتے تو مایوسی ہوتی ہے، اس لیے مایوسی بھی ہے اور افسوس بھی، توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہوتا ہے۔

ہیڈ کوچ کا ماننا ہے کہ ہم اس ٹور پر اچھا کر سکتے تھے لیکن ہم نے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا، ہمارے پاس کئی مواقع آئے لیکن ہم نے ان مواقع کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا، کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے لیکن یہ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے، ہم میچز کو قریب لے کر جا سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کر نہیں پا رہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ڈراپ کیچز ہمارا پہلے بھی مسئلہ رہا ہے اور یہاں بھی ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ڈراپ کیچز ہی تھا، ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا ہے اس سیریز میں چانس مس کرنے سے بہت فرق پڑا۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ اب ہم نے ہوم سیریز جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنا ہے، یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ہم ہر شعبے میں بہتری لائیں، اچھا کھیل کر اعتماد کو بحال کرنا ہے  جو غلطیاں کیں ان کا جائزہ لے کر آگے بڑھنا ہے، ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو سامنے رکھ کر ضروری تبدیلیوں کے بارے میں دیکھیں گے۔

واضح رہےکہ نیوزی لینڈ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک جب کہ ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی۔