’پنجاب میں کورونا ٹیسٹوں کی یومیہ صلاحیت 400 سے بڑھا کر 22 ہزار کردی‘

(آئی این این نیوز)

لاہو: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا ٹیسٹوں کی یومیہ صلاحیت 400 سے بڑھا کر 22000کردی ہے۔

لاہور میں میر خلیل الرحمان سوسائٹی کے سیمینار میں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا صوبے میں بائیو سیفٹی لیول تھری کی لیبز قائم کی گئیں، 19 ویں بی ایس ایل تھری رحیم یارخان میں بنائی جارہی ہے جب کہ پنجاب میں کنٹیکٹ ٹریسنگ کو بڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کورونا مریضوں کے علاج پر 14ارب خرچ کرچکی ہے، کورونا ٹیسٹوں کی یومیہ صلاحیت کو 400 سے بڑھا کر 22000 کردیا گیا ہے۔

وزیر صحت کا کہنا تھاکہ سانس میں دشواری پر فوراً اسپتال جاکرچیک اپ کروائیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا کا پھیلاؤ روکا جارہاہے اورکورونا ویکسین جلد دستیاب ہوگی۔