کراچی: شہریوں اور دھرنا مظاہرین میں جھڑپ، موٹرسائیکلیں نذرآتش

(آئی این این نیوز)

کراچی میں سانحہ مچھ کے خلاف شاہراہ فیصل پر دھرنا دیے مظاہرین اور شہریوں میں جھڑ پ ہوئی جس کے بعد 5 موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی گئی۔

بلوچستان میں مچھ کے مقام پر دہشتگردی میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے قتل کے خلاف کراچی میں مجلس وحدت المسلمین اور اہل تشیع برادری نے شہر کے 28 سے زائد مقامات پر دھرنے دے رکھے ہیں جس بنیاد پر شہریوں کو اپنے کام کاج پر پہنچنے میں شدید دشواری ہو رہی ہے۔

گلی کوچوں سے موٹرسائیکلوں پر نکلنے والے شہریوں اور مظاہرین میں تلخ کلامی کے واقعات ہو رہے ہیں اور اسی نوعیت کے ایک واقعے کے بعد شاہراہ فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب مشتعل افراد نے 5 موٹرسائیکلیں نذرآتش کردیں۔

پولیس کے مطابق بعض شہریوں نے فٹ پاتھوں اور گلی کوچوں سے ہوتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر آنے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود افراد سے تلخ کلامی اور پھر ہاتھا پائی ہوئی۔

بدنظمی کے اس واقعے کے بعد شہری موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ نکلے اور اس دوران نامعلوم افراد نے 5 موٹر سائیکل کو آگ لگادی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔