اسامہ ستی کے لواحقین کے احتجاج میں تحریک انصاف کے رہنما بھی شامل

(آئی این این نیوز)

اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے لواحقین کے احتجاج میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما بھی شامل ہوگئے۔

مظاہرین ریلی کی شکل میں پریس کلب سے ڈی چوک پہنچے۔ احتجاجی ریلی میں تاجر برادری ، ن لیگ، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

نوجوان اسامہ کے قتل میں ملوث اسلام آباد پولیس کے 5 اہلکاروں کو برطرف کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس اہلکاروں کو مس کنڈکٹ اور قصوروار ثابت ہونے پر برطرف کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں رات گئے اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان اسامہ ندیم جاں بحق ہوگیا تھا۔

ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا تھا بعد ازاں پانچ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف انسداد دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔