سانحہ مچھ: شہدا ایکشن کمیٹی نے ملک بھر میں دھرنے ختم کرنے کی اپیل کردی

(آئی این این نیوز)

کوئٹہ: شہدا ایکشن کمیٹی  نے حکومت سے کامیاب مذاکرت کے بعد ملک بھر میں دھرنے ختم کرنے کی اپیل کردی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر علی زیدی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے دھرنے کے شرکا سے ایک بار پھر مذاکرات کیے جس کے بعد لواحقین نے 6 روز کے دھرنے کے بعد میتوں کی تدفین پر رضا مندی ظاہر کردی۔

حکومت سے مذاکرات کے بعد شہدا ایکشن کمیٹی کے رہنما آغا رضا نے کہا کہ ہم نے شہدا کے لواحقین کے لیے دھرنا دیا اور ان کے مطمئن ہونے پر ہی دھرنا ختم کررہے ہیں، اپنے شہدا کی تدفین پورے تقدس کے ساتھ کریں گے۔

آغا رضا نے ملک بھر میں دھرنے دینے والوں سے اپیل کی کہ ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئےہیں جس کے بعد تمام دھرنے پر امن طور پر ختم کردیے جائیں۔

شہدا ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج ہفتے کے روز عزت کے ساتھ اپنے شہدا کی تدفین کریں گے۔

واضح رہے کہ سانحہ مچھ کے بعد شہدا کے ورثا نے کوئٹہ میں میتوں کے ہمراہ کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں دھرنے دیے جب کہ کراچی میں 29 سے زائد مقامات پر دھرنے دیے گئے جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔