فضل الرحمان پنڈی آنا چاہتے ہیں تو ان کو چائے پانی پلائیں گے: ترجمان پاک فوج

(آئی این این نیوز)

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل افتخار بابر نے کہا ہے کہا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے  راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظرنہیں آتی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز  (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کی اور ملکی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی۔

پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر ترجمان پاک فوج کا کا کہنا تھا کہ ان کے راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، وہ آنا چاہتے ہیں تو آئیں ان کی دیکھ بھال کریں گے، چائے پانی پلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فوج پر تنقید اور الزامات میں کوئی حقیقت ہو تو جواب دیں، ان چیزوں میں ملوث ہونا نہیں چاہتے، جو ہمار ا کام ہے وہ کریں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ سیاسی معاملات پر تبصرے سے گریز کرتا ہوں لیکن یہ نہیں کہا کہ فوج مخالف بیانات سے تشویش نہیں، جوبھی بات چیت کی جارہی ہے، اس کے باجود اپنا کام کررہے ہیں، فوج کا مورال بلند ہے، جس نوعیت کےالزامات لگائےجارہےہیں ان میں کوئی وزن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی بات کی جاتی ہے، پاک فوج کو حکومت وقت نے الیکشن کرانے کا کہا، پاک فوج نے اپنی پوری ذمہ داری اوردیانتداری سے الیکشن کرائے، الیکشن پر کسی کو شک ہے یا مسئلہ ہے تو پاکستان کے ادارے کام کررہے ہیں، اس پر متعلقہ اداروں کو ہی فیصلہ کرنا ہے، ن کو ہی اپروچ کرنا چاہیے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جوباتیں کی جارہی ہیں وہ اچھی نہیں، فوج حکومت کا ذیلی ادارہ ہے، جوباتیں کی جارہی، اس کاجواب حکومت پاکستان نے اچھےطریقے سےدیاہے لہٰذا فوج کوسیاسی معاملات میں آنے کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے اسلام آباد یا راولپنڈی کی طرف لانگ مارچ کی دھمکی دی تھی۔