گلوکار فرحان سعید باہمت خواتین پولیو ورکرز کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

(آئی این این نیوز)

پاکستانی گلوکار اور اداکار فرحان سعید پولیو ورکرز کی محنت اور لگن سے متاثر ہوگئے اور ان کی تعریف کیے بغیر رک نہ سکے۔

حال ہی میں گلوکار فرحان سعید نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر خواتین پولیو ورکرز کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے آزاد کشمر سے تعلق رکھنے والی خواتین پولیو ورکرز کئی فٹ برف سے گزر کر بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے لیے نکلی ہوئی ہیں۔

فرحان سعید اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد رہ نہ سکے اور انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان خواتین پولیو ورکرز کی ہمت کو داد دی۔

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘تمام ہیرو کیپ (قبا) نہیں پہنتے بلکہ کچھ پیلے رنگ کی واسکٹ بھی پہنتے ہیں’۔

خیال رہے کہ یہ ویڈیو ‘پاک فائٹس پولیو’ کی جانب سے شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ اس شدید ٹھنڈ والے موسم میں بھی ہماری بہادر خواتین بچوں کو ویکسین پلانے کے لیے نکلی ہوئی ہیں۔

پاک فائٹس پولیو نے ان بہادر اور جرات مند خواتین پولیو ورکرز کو سلام بھی پیش کیا۔