زین ملک کے نئے گانے میں بالی وڈ کا تڑکا

(آئی این این نیوز)

برطانیہ کےمقبول گلوکار زین ملک نے حال ہی میں اپنا نیا البم ‘نو بڈی از لسننگ’ ریلیز کیا ہے جس میں انہوں نے بالی وڈ کے گانے کو شامل کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔

زین ملک کے نئے البم کے گانے کا نام ‘ٹائٹ روپ’ ہے جس میں انہوں نے مقبول بھارتی گلوکار محمد رفیع کا گانا ‘چودھویں کا چاند’ کے کچھ بول بھی شامل کیے ہیں۔

زین ملک کے اس انگریزی گانے میں بالی وڈ کے اس عنصر کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

برطانوی گلوکار متعدد انٹرویوز میں یہ بات بتا چکے ہیں کہ انہیں بالی وڈ کے میوزک اور فلمیں کافی پسند ہیں۔

خیال رہے کہ اپنا نیا البم ریلیز کرنے سے قبل زین ملک نے ٹوئٹر پر ایک فون نمبر بھی شیئر کیا تھا جس سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

بعدازاں ان کے چاہنے والوں کو یہ معلوم ہوا کہ گلوکار زین ملک نے اپنے نئے البم کی تشہیر کے لیے یہ مختلف انداز اپنایا ہے۔