کراچی: پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹ کے بغیر ملزمان سے لڑنے پر مجبور

(آئی این این نیوز)

کراچی: یوسف گوٹھ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس اہلکار 3گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حب ریور روڈ پر یوسف گوٹھ ٹرمینل کے قریب 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 پولیس اہلکارگشت پر مصروف تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار 2 مشکوک افراد کا پیچھا کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار نادر مگسی سینے اور جسم پر 3 گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان گلیوں میں تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی اہلکار کو پہلے سول اسپتال پھر اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، مقابلے کے وقت زخمی اہلکار نے بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔

ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ تھانے میں بلٹ پروف جیکٹس کی کمی ہے، اگر 15 اہلکار ڈیوٹی پر ہیں تو صرف 5،6 کے لیے بلٹ پروف جیکٹس دستیاب ہیں۔