فارن فنڈنگ کا پیسہ عمران خان کی رہائشگاہوں پر خرچ ہوا: مریم اورنگزیب

(آئی این این نیوز)

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کا پیسہ عمران خان کی زمان پارک اور بنی گالہ میں رہائشگاہوں پر استعمال ہوا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج شہباز شریف کو پھر نیب عدالت میں پیش کیا گیا، حکومتی ترجمان کاغذ لہرا لہرا کر الزامات لگاتے ہیں، شریف فیملی اور مسلم لیگ ن کے قائدین پر اب تک صرف الزامات ہی لگ رہے ہیں، ڈھائی سال گزر گئے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ قومی خزانے سے کمیشن کھاتے ہوئے خود پکڑے گئے، یہ لوگ اپنے خلاف ثبوت مٹا رہے ہیں، اِن پر انگلیاں اٹھتی ہیں تو ان کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔

مریم اورنگزیب کا پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کے نام پر بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ کروائی، شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے نام پر عطیات بھی غلط استعمال کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کا پیسہ زمان پارک اور بنی گالا کی رہائشگاہوں پر خرچ ہوتا ہے، لیکن وزیراعظم عمران خان ہر الزام پر ایک ہی جواب دیتے ہیں کہ مجھے نہیں پتہ۔