سشانت کی سالگرہ پر بہن نے یادگار تصاویر شیئر کرکے بھائی کو یاد کیا

(آئی این این نیوز)

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی سالگرہ پر ان کی بہن شویتا سنگھ نے اپنے بھائی کو ماضی کی یادگار تصاویر شیئر کرکے یاد کیا۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ  کریتی نے اداکار کی اہل خانہ کے ہمراہ کئی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیں۔

شویتا نے اپنی ٹوئٹ میں سشانت سنگھ کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سے پیار کرتی ہوں بھائی ، آپ میرا حصہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

شویتا نے سشانت سنگھ کی سالگرہ پر سشانت ڈے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اداکار کی بہن کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں سشانت اپنے گھر والوں کے ہمراہ ایک جشن میں پوز دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ایک دو تصاویر میں سشانت اپنی بھانجی اور بھتیجے کے ساتھ موجود ہیں جب کہ ایک تصویر اداکار کے بچپن کی ہے۔

شویتا کی جانب سے ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ بھائی کی 35 ویں سالگرہ پر ، ان کے ایک خواب کو پورا کرنے کی سمت ایک قدم اٹھایا گیا ۔  شویتا سنگھ کے ٹویٹ کے مطابق یو سی برکلے میں 35،000 ڈالر کا سوشانت سنگھ راجپوت میموریل فنڈ قائم کیا گیا ہے‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ برس سشانت سنگھ ممبئی کے ایک اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے،جس کے بعد ان کی بہن شویتا سنگھ بھائی کی یاد میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔